Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

عاطف اسلم اپنا گانا گانے والے بچے کے ساتھ کام کریں گے؟

پاکستان کے معروف گلوکار و کمپوزر عاطف اسلم نے اس بات کی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنا گانا ’دل دیاں گلاں‘ گانے والے 12 سالہ بچے کے ساتھ کام کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ فروری کے آخر میں سوشل میڈیا پر صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے 12 سالہ بچے عرشمان نعیم کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔

ان ویڈیوز میں عرشمان نعیم عاطف اسلم کے مقبول گانے ’دل دیاں گلاں‘ سمیت دیگر گانوں کو گا رہے ہیں۔

اگرچہ عرشمان نعیم نے عاطف اسلم کے علاوہ راحت فتح علی خان سمیت دیگر گلوکاروں کے گانوں کو گانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر اپلوڈ کر رکھی ہیں۔

تاہم ان کی ’دل دیاں گلاں‘ گانے کی ویڈیو وائرل ہوئی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے چائلڈ اسٹار بن گئے۔

12 سالہ عرشمان نعیم کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد وہ متعدد ٹی وی شوز میں بھی پیش ہوئے۔

تاہم اب عاطف اسلم نے عرشمان نعیم کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

—فوٹو: عرشمان نعیم فیس بک

عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام پر عرشمان نعیم کی نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’وہ جلد ہی ان کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: عاطف اسلم کا گانا گانے والا بچہ اسٹار بن گیا

عاطف اسلم نے عرشمان نعیم کی آواز کی تعریف بھی کی۔

دوسری جانب عاطف اسلم ’جیو پاکستان‘ کے 9 مارچ کو نشر ہونے والے پروگرام میں بھی شامل ہوئے، اور انہوں نے ’دل دیاں گلاں‘ فیم عرشمان نعیم کی آواز کی تعریف کی۔

عاطف اسلم اور عرشان نعیم کی ’جیو پاکستان‘ میں شرکت کی تصاویر پروگرام کے ٹوئٹر اور فیس بک پیج پر بھی شیئر کی گئیں۔

—فوٹو: عاطف اسلم انسٹاگرام

عرشمان نعیم نے بھی اپنے فیس بک پیج پر مارننگ شو کی ویڈیو شیئر کی۔

عاطف اسلم نے مارننگ شو میں بذریعہ فون شرکت کرکے عرشمان نعیم کی آواز کو سراہتے ہوئے انہیں کچھ مشورے بھی دیے، اور ساتھ ہی اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان کے ساتھ مستقبل میں کام کرنا چاہیں گے۔

واضح رہے کہ عاطف اسلم کا گانا ’دل دیاں گلاں‘ دسمبر 2017 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں بھی شامل ہے۔

اس گانے کی فلم کی ویڈیو کو اب تک ساڑھے تین کروڑ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے، اس کی شاعری ارشاد کامل نے لکھی ہے، جب کہ اس کی موسیقی وشال اور شیکھر نے ترتیب دی۔


News Source

عاطف اسلم اپنا گانا گانے والے بچے کے ساتھ کام کریں گے؟

شناختی عنوان:,

تبصرہ کریں