Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

خون سے کولیسٹرول گھٹانے والا جین دریافت

جین میکسس کوئی پروٹین تو نہیں بناتا لیکن وہ خاص پروٹین کو ہدایات دے کر خون سے کولیسٹرول صاف کرنے میں اہم مدد فراہم کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

جین میکسس کوئی پروٹین تو نہیں بناتا لیکن وہ خاص پروٹین کو ہدایات دے کر خون سے کولیسٹرول صاف کرنے میں اہم مدد فراہم کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

لاس اینجلس: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کولیسٹرول دل اور بلڈ پریشر کے امراض کی وجہ بن کر لوگوں کی جانوں کا خراج لے رہا ہے۔ اب ماہرین نے ایک ایسا جین دریافت کیا ہے جو خون میں کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اس جین کو ایم ای ایکس آئی ایس  MeXis  کا نام دیا گیا ہے جو خون کی رگوں سے کولیسٹرول دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔ پہلے خیال تھا کہ یہ کوئی خود غرض جین ہے جسے جینیاتی زبان میں ایسا جین کہتے ہیں جو کسی کام کا نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی پروٹین بنانے میں مدد دیتا ہے۔

اب ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہےکہ یہ کوئی پروٹین تو نہیں بناتا البتہ یہ خاص قسم کے لانگ کوڈنگ آر این اے (ایل این سی آر این اے) ضرور تیار کرتا ہے۔ یہ ایل این سی آر این اے ایک پروٹین کو اس قابل ضرور بناتا ہے کہ وہ خون کی نالیوں سے کولیسٹرول کم کرسکے۔

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس (یوسی ایل اے) میں کولیسٹرول مینجمنٹ سینٹر کے سائنس داں ڈاکٹر تامر سلام اور ان کی ٹیم نے اپنی تحقیقات ہفت روزہ سائنسی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع کرائی ہیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ خون کی رگوں میں پلاک یا فاسد مواد جمع ہوتا رہتا ہے جس سے شریانیں تنگ ہوجاتی ہیں ۔ اس سے دل کو خون کی روانی متاثر ہوتی ہے اور دل کے دورے، سینے کی تکلیف اور ہارٹ فیل کی کیفیت پیدا ہوتی ہے اور کولیسٹرول اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

لو ڈینسٹی لائپو پروٹین (ایل ڈی ایل) کولیسٹرول دل کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے جو کولیسٹرول سے بھرپور خوراک کے ذریعے خون تک پہنچتا ہے اور آخر کار دل کی شریانوں میں جمع ہوتا رہتا ہے۔ ڈاکٹر سلام کہتے ہیں کہ میکسز جین کی بدولت شریانوں میں جمع اضافی کولیسٹرول صاف کرکے دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے اور ماہرین نے اسے دل کے علاج کا ایک بالکل نیا طریقہ قرار دیا ہے۔

ماہرین نے چوہوں پر اس کی آزمائش کی ہے۔ اور کہا ہے کہ جن چوہوں میں یہ جین موجود نہ تھا ان میں شریانیں تنگ ہونے کا دگنا خطرہ نوٹ کیا گیا۔ مزید تحقیق سے پتا چلا کہ میکسز جین ایک پروٹین اے بی سی اے ون کو خاص اظہار (ایکسپریشن) پر مجبور کرتا ہے اور یوں اضافی کولیسٹرول ختم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تجربہ گاہ میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جیسے جیسے چوہوں میں اس جین کی مقدار بڑھائی گئی ویسے ویسے ان میں کولیسٹرول کی کمی رونما ہوئی۔ اس طرح یہ اہم دریافت دل کی صحت اور جین کے کردار کو بھی واضح کرتی ہے۔

اس اہم تحقیق میں شامل ایک اور ماہر ڈاکٹر پیٹر ٹونٹونوز نے کہا کہ اس مطالعے سے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ایل این سی آر این اے دل کے امراض کے ضمن میں خلیات کی اندرونی سرگرمی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں میکسز جین کا کردار نامعلوم تھا ہمارے مطالعے سے نان کوڈنگ آر این اے کے امراض اور جسم پر اثرات کے ضمن میں اہم معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

اگلے مرحلے میں سائنس دانوں کی یہی ٹیم اس پورے عمل کی تفصیل جاننے کی کوشش کرے گی اور یہ بھی معلوم کیا جاسکے گا کہ دل کے علاج میں جین تھراپی کو کس طرح شامل کیا جاسکتا ہے۔


News Source

خون سے کولیسٹرول گھٹانے والا جین دریافت

تبصرہ کریں