Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

’سعودی عرب اور ایران خطے میں پراکسی وار میں ملوث‘



لندن : برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے سعودی عرب پر اسلام کو بدنام کرنے اور مشرقِ وسطیٰ میں پراکسی جنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔

برطانوی اخبار دی گارجین کی جاری کردہ ویڈیو میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن ان سیاست دانوں پر تنقید کررہے ہیں جو سیاسی مفاد کے لیے مذہب کا غلط استعمال کرتے ہیں اور اسے توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔

بورس جانسن کے مطابق سعودی عرب اور ایران کا برتاؤ کسی سانحے سے کم نہیں، ان کا خیال ہے کہ خطے میں مضبوط قیادت کے فقدان کی وجہ سے سعودی عرب اور ایران اپنے حق میں حمایت حاصل کرنے کے لیے اس طرح کی کوششیں سرانجام دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ خطے میں تمام بڑی سیاسی مشکلات میں سے ایک ہے، ان ممالک کے پاس مضبوط قیادت کا فقدان ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اس علاقے میں آپ کو ہر وقت پراکسی جنگ ہوتی دکھائی دے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: ‘برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن جھوٹے ہیں’

برطانوی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے خلیجی ممالک کے دو روزہ دورے کے بعد واپس آئی ہیں, جہاں انھوں نے سعودی عرب کے شاہی خاندان کو ان کی قیادت اور برطانیہ سے 100 سال پرانے اتحاد کو سراہا تھا۔

دوسری جانب برطانوی وزارت خارجہ کے دفتر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اس کا اتحادی ہے اور برطانیہ سرحدوں کے تحفظ کے سلسلے میں سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

تبصرہ کریں