Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

فاروق ستار، پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے الیکشن 2018 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہوگئے۔

ریٹرننگ افسر احسان خان نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار 2 مقدمات میں مفرور ہیں اور کاغذاتِ نامزدگی میں انہوں نے دونوں مقدمات چھپائے۔

ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کاغذاتِ نامزدگی میں اپنی مفروری کے حوالے سے ذکر نہیں کیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے پاس کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل کرنے کا حق ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے این اے 245 کراچی سے آئندہ انتدابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

سابق صدرِ پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے آئندہ انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

سابق صدر نے آئندہ انتخابات کے لیے قومی اسمبلی کی نشست این اے 1 چترال سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

ریٹرننگ افسر محمد خان نے سابق آرمی چیف اور اے پی ایم ایل کے سربراہ کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے۔

یاد رہے کہ 7 جون کو سپریم کورٹ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی تاحیات نااہلی کےخلاف درخواست کی سماعت میں سابق صدر کو وطن واپس بلاتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی بھی وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ 14 جون کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالتِ عظمیٰ نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق دیا گیا عبوری حکم بھی واپس لے لیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی ریٹرنگ افسر وصول کر لیں گے لیکن ان کی جانچ اور منظوری پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری سے مشروط ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی منطور کرلیے گئے۔

چیئرمین پی پی پی نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 246 کراچی سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ سفران لیفٹننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے گئے۔

سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 265 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔


News Source

فاروق ستار، پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

تبصرہ کریں