Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

ووٹ کی رازداری کیس:الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کرلی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئےاین اے 53 اسلام آباد سے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

جمعے کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضاخان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور عمران خان کا بیان حلفی جمع کرایا ۔

جس میں چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئےکہا ہے کہ میرے خلاف نوٹس کو ختم کیا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بیان حلفی جمع کرائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو ایک گھنٹے بعد سنایا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں ووٹ کی رازداری پامال کرنے سے متعلق کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی معافی قبول کرلی اور ازخود نوٹس واپس لے لیا۔

 الیکشن کمیشن نے تین ایک کے تناسب سے عمران خان کی معافی قبول کی، ممبر سندھ،خیبرپختونخواہ اور بلوچستان نے نوٹس واپس لینے کی رائے دی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے معافی قبول کرنے کی مخالفت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نےریمارکس میں کہا کہ ووٹ کی حرمت پامال کرنے کے حوالے سے شواہد ریکارڈ ہونے چاہیے جبکہ فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، غیر ارادی طور پر ہونے والی خطا پر معافی مانگتا ہوں جبکہ آئین و قانون کی مکمل پاسداری پر یقین رکھتا ہوں،

 پولنگ اسٹیشن پر بہت زیادہ رش تھا اور میں تنہا پولنگ اسٹیشن کے اندر گیا جہاں پولنگ اسٹاف سے مہر لگانے کی جگہ کے بارے دریافت کیا، عملے نے مجھے کہا کہ پولنگ بوتھ گر گیا ہے آپ یہی پرمہر لگائیں جس پر میڈیا نے فوٹیج بنائی۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جب اپنا ووٹ کاسٹ کرنے این اے 53 اسلام آباد کے پولنگ اسٹیشن پر گئے، تو انہوں نے پولنگ بوتھ کے پیچھے جاکر مہر لگانے کی بجائے میڈیا کے سامنے ہی بیلٹ پیپر پر مہر لگائی، جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔


News Source

ووٹ کی رازداری کیس:الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کرلی

تبصرہ کریں