Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

عمران خان سے ملاقات کیلئے بھارتی ہائی کمشنر کی بنی گالا آمد

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ بنی گالا پہنچ گئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کی جانب عمران خان سے ملاقات کا دورانہ 30 سے 40 منٹ ہوگا۔

ملاقات کے دوران اجے بسریا بھارتی حکومت کی جانب سے عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیں گے جبکہ دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاک بھارت تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں؛ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

خیال رہے کہ اس سے قبل انتخابات 2018 میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عمران خان سے رابطہ کیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نے عمران خان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی اور نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، تاہم معاملات آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

خیال رہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہونے کی وجہ سے بنی گالا میں مختلف ممالک کے سفیروں اور نمائندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیگزے یوریوِچ دیدوو نے عمران خان سے ملاقات کی تھی اور انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کی عمران خان کو مبارکباد، دورے کی دعوت

اس سے قبل پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں امریکی سفارتی وفد نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

4 روز قبل یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئز کاؤٹن نے بھی عمران خان سے ملاقات میں یورپی یونین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد سے ترکی، بھارت اور افغانستان کے سربراہان کی جانب سے عمران خان کو فون پر مبارکباد دی جاچکی ہے، جبکہ چین، جاپان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور برطانیہ کے سفیر بھی عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر چکے ہیں۔


News Source

عمران خان سے ملاقات کیلئے بھارتی ہائی کمشنر کی بنی گالا آمد

تبصرہ کریں