Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

’پانامہ کیس کا فیصلہ محض ایک جھلک ہے، اس کی تہہ میں جایا جائے تو پھر شکایت نہ کیجیے گا‘

کورٹتصویر کے کاپی رائٹ
AFP

Image caption

سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ میں پاناما کیس میں نواز شریف خاندان کی نظرثانی اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیے کہ بینچ نے بہت محتاط رہ کر پانامہ کیس کا فیصلہ لکھا ہے، اور ‘یہ محض ایک جھلک ہے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس کی تہہ میں جایا جائے، تو پھر شکایت نہ کیجیے گا۔‘

جسٹس اعجاز الحسن نے یہ ریمارکس اس وقت دیے جب نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سوال کیا کہ کیپٹل ایف زیڈ ای سے تنخواہ نہ وصول کرنے یا ظاہر نہ کرنے پر 62ون ایف کیسے لگ سکتا ہے؟

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ متفقہ ہے۔

’پاناما ون ختم، پاناما ٹو شروع ہو گیا ہے‘

پاناما کیس میں کب کیا ہوا؟

پاناما کیس کے فیصلے کا دن

کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں پانچ رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ 28 جولائی کا پانچ رکنی بنچ درست نہیں تھا جبکہ ‘درخواست گزارکو فئیر ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا’۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ خواجہ حارث کے موکل نے’دو ارکان کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے فیصلہ قبول کیا’۔

جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ وہ فیصلہ اقلیتی تھا اور ‘اقلیتی فیصلے کی قانونی اہمیت نہیں ہوتی’۔ انھوں نے کہا کہ’سپریم کورٹ اس معاملے میں شکایت کنندہ، پراسیکیوٹر اور جج خود بن گئی ہے’۔

جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کو آزادی ہے جو چاہے فیصلہ کرے۔ ‘آپ کے پاس موقع ہوگا کہ آپ گواہان اور جے آئی ٹی ممبران سے جرح کرسکیں گے’۔

خواجہ حارث نے کہا کہ جس بنیاد پر نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا اس پر ان کے الیکشن کو کالعدم قرار دیا جا سکتا تھا۔’نواز شریف کی آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلیت نہیں بنتی تھی’۔ جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ فیصلہ لکھنے والوں کو پتہ ہے کہ انہوں نے کیا لکھا۔ ‘عدالتی فیصلے میں اختلاف صرف جے آئی ٹی کے معاملے پر تھا’۔

جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ ‘تینوں میں سے کسی جج نے نہیں کہا وہ اقلیتی فیصلے سے اختلاف کر رہے ہیں۔ 28 جولائی کو ہم دو ججز نے صرف حتمی فیصلے پر دستخط کیے تھے، نااہلی اور ریفرنس نیب کو بھیجنے کے معاملے پر ہمارا نتیجہ ایک ہی تھا’۔

انہوں نےکہا کہ عدالتی فیصلے پر ہرجج دستخط کرنے کا پابند ہوتا ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ پہلے فیصلہ دینے والے ججز نے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔

خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 62ون ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہے، جس پر جسٹس اعجاز افضل نے سوال کیا کہ یہ کہاں لکھا ہے کہ نااہلی تاحیات ہو گی؟’

خواجہ حارث نے کہا کہ عوامی عہدہ رکھنے والے کو صادق اور امین نہ قرار دینا معمولی بات نہیں، اثاثے چھپانے پر الیکشن کالعدم قرار دیا جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘عدالت نے طریقہ کار کی پیروی کیے بغیر نااہل کیا اور اپیل کا حق نہیں دیا’۔

خواجہ حارث نے کہا کہ اثاثے ظاہر نہ کرنا بدنیتی تھی یا قانونی پیچیدگی اس کا تعین نہیں کیا گیا، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ غریب چوری کرے تو اسکے لیے الگ اور ارب پتی کے لیے الگ قانون ہے؟ خواجہ حارث نے کہا کہ وہ تنخواہ جو نہیں لی گئی اس پر نااہلی ہوئی ہے۔

جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ یہ وہ کیس نہیں جس میں تنخواہ ملازم کے ہاتھ میں دی جائے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کے مطابق دس ہزار تنخواہ تسلیم کرنا نااہلی کے لیے کافی نہیں تھا؟ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ تنخواہ ان کے موکل کے اکاؤنٹ میں نہیں گئی۔

جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ قانون کے مطابق تنخواہ ملازم کے ہاتھ پر نہیں رکھی جاتی۔ انھوں نے کہا کہ ‘معاہدے کے مطابق آپ کی تنخواہ مقرر تھی، معاہدے میں یہ کہیں نہیں لکھا کہ آپ تنخواہ نہیں لیں گے، وصول نہ کی گئی تنخواہ بھی اثاثہ ہوتی ہے’۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اقامہ معطل ہونے کی صورت میں ہی تنخواہ ختم ہوسکتی ہے’۔

کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔


News Source

’پانامہ کیس کا فیصلہ محض ایک جھلک ہے، اس کی تہہ میں جایا جائے تو پھر شکایت نہ کیجیے گا‘

loading...

تبصرہ کریں