Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

نیوزی لینڈ کو ٹی20 میں پہلی بار بھارت کے ہاتھوں شکست – Sport

نئی دہلی: روہت شرما اور شیکھر دھاون کی ریکارڈ ساز شراکت اور باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں با آسانی 53 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ کیویز کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی لیکن ولیمسن کا یہ فیصلہ کیوی ٹیم کیلئے بہت مہنگا ثابت ہوا۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جس کا تمام تر سہرا روہت شرما اوع شیکھر دھاون کے سر رہا جنہوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 158 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے فتح کی بنیاد رکھی۔

یہ بھارت کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں سب بڑے اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بھی ہے۔

158 کے اسکور پر دھاون اش سودھی کی وکٹ بن گئے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 52 گیندوں پر دو چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کو دوسری وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور سودھی نے ایک گیند بعد ہی ہردک پانڈیا کو بھی پویلین چلتا کردیا۔

185 کے اسکور پر 80 رنز بنانے والے روہت شرما کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی لیکن اختتامی اوورز میں کوہلی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارتی ٹیم 200 رنز سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، کپتان ویرات کوہلی 26 اور دھونی 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 149 رنز تک محدود رہی۔

بھارتی باؤلرز نے عمدہ لائن و لینتھ کے ساتھ باؤلنگ کرتے ہوئے کیویز بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور ٹام لیتھم 39، مچل سینٹنر 27 اور 28 رنز بنانے والے کپتان ولیمسن کے سوا کوئی بھی کھلاڑی انڈین باؤلرز کا سامنا نہ کرسکا جبکہ چھ کیوی کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

بھارت کی جانب سے یزویندر چاہل اور اکشر پٹیل دو دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

بھارت نے میچ میں 53 رنز سے فتح کے ساتھ ہی تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی جبکہ یہ بھارت کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کیویز کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔

بھارت کی کامیابی کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم عالمی نمبر ایک کے منصب سے بھی محروم ہو گئی اور پاکستان پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بن گیا۔

یہ میچ بھارتی فاسٹ باؤلر اشیش نہرا کے کیریئر کا آخری انٹرنیشنل میچ تھا جو تقریباً 20 سال پر محیط اپنے شاندار کیریئر کا یادگار انداز میں اختتام نہ کر سکے اور ہوم گراؤنڈ پر آخری اننگز میں چار اوورز میں 29 رنز کے عوض کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔


News Source

نیوزی لینڈ کو ٹی20 میں پہلی بار بھارت کے ہاتھوں شکست – Sport

شناختی عنوان:,

تبصرہ کریں