Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

آزادی کپ: پاکستان کی اننگز اختتامی مراحل میں، سرفراز احمد بھی آؤٹ

کرکٹتصویر کے کاپی رائٹ
AFP

Image caption

عمران طاہر نے اپنے آخری اوور میں بابر اعظم کو 86 رنز پر آؤٹ کر دیا

لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ورلڈ الیون نے پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

19 اوورز کے اختتام تک پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 176 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور احمد شہزاد نے بلے بازی کا آغاز کیا جبکہ ورلڈ الیون کی جانب سے مورنے مورکل نے پہلا اورر کرایا۔ میچ کی پہلی دو گیندوں پر فخر زمان نے چوکے لگائے لیکن اسی اوور کی چوتھی گیند پر وہ آؤٹ ہو گئے جس کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے۔

تھسارا پریرا کے اوور میں بابر اعظم نے دو گیندوں پر دو چوکے لگائے اور پاکستان کو تیز آغاز فراہم کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ
AFP

Image caption

بابر اعظم 86 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے

دسویں اوور میں بابر اعظم نے آٹھ چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔

15ویں اوور میں پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 34 گیندوں پر 39 رنز بنائے لیکن کسی بھی موقع پر وہ اپنی اننگز کے دوران پراطمینان محسوس نہیں ہوئے۔

16ویں اوور میں عمران طاہر نے بابر اعظم کی وکٹ حاصل کر لی جو 86 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

18ویں اوور میں تیز کھیلنے کی کوشش میں کپتان سرفراز احمد کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ سرفراز احمد ہوم گراؤنڈ پر کسی انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

اس میچ میں ورلڈ الیون کی ٹیم فاف ڈو پلیسی کے علاوہ ہاشم آملا، تمیم اقبال، ڈیوڈ ملر، گرانٹ ایلیٹ، تھسارا پریرا، ٹم پین، بین کٹنگ، ڈیرن سیمی، مورن مورکل اور عمران طاہر پر مشتمل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
AFP

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، سہیل خان، حسن علی اور رمان ریئس کھیلیں گے۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبد الرشید شکور کے مطابق پاکستانی ٹیم میں شامل صرف پانچ کرکٹرز سرفراز احمد، احمد شہزاد، عماد وسیم، سہیل خان اور شعیب ملک اس سے قبل پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

ورلڈ الیون میں شامل کرکٹروں میں ہاشم آملا، تمیم اقبال اور پال کولنگ ووڈ اس سے قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

آئی سی سی میچ ریفری ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن اس سیریز کو سپروائز کریں گے جبکہ علیم ڈار اور احسن رضا پہلے میچ کے امپائر ہیں۔

شائقین کی بہت بڑی تعداد دوپہر سے ہی اسٹیڈیم کے قریب پہنچ چکی تھی جنہیں ضروری تلاشی کے بعد انکلوژرز تک جانے اور پھر سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ
AFP

Image caption

ورلڈ الیون کے کھلاڑی کو رکشوں میں سٹڈیم میں لایا گیا

سٹیڈیم میں 25 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

شائقین کو سٹیڈیم لانے کے لیے دو مقامات سے شٹل سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے شائقین کے لیے اپنے ساتھ قومی شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ بچوں کو ب فارم ٹکٹ کے ساتھ رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔

سٹیڈیم کے اطراف تمام دکانیں اور تجارتی مراکز میچوں کے موقعے پر بند کرا دیے گئے ہیں۔

سٹیڈیم اور ہوٹل کے راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور ٹیم کی آمدورفت کے موقع پر سڑکیں عام لوگوں کے لیے بند کردی گئی تھیں۔

اس سلسلے کے اگلے دو میچ لاہور ہی میں 13 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

مئی 2015 میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی لاہور میں کی تھی۔

شناختی عنوان:,

تبصرہ کریں