Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

’ٹوٹل دھمال‘ دھمال مچانے میں ناکام

بولی وڈ کی جلد ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے ٹریلر کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا، جسے آج ریلیز کردیا گیا ہے۔

فلم ’ٹوٹل دھمال‘ 2007 کی فلم ’دھمال‘ کا تیسرا حصہ ہے۔

اس فلم کا دوسرا حصہ ’ڈبل دھمال‘ 2011 میں ریلیز ہوا۔

فلم ’ٹوٹل دھمال‘ کے ٹریلر کا آغاز اداکار منوج پھاوا کے کردار سے ہوا، جو ایک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اپنی موت کے قریب ہے، تاہم اس سے قبل وہ زخمی حالت میں فلم کے دیگر اداکاروں کو ایک راز بتاتا ہے کہ اس نے 50 کروڑ روپے کہاں چھپائے ہیں۔

جس کے بعد سارے اداکار پیسوں تک پہلے پہنچنے کے لیے چھوٹی چھوٹی ٹیمز بنا لیتے ہیں اور ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں۔

ٹریلر میں فلم کے کئی کامیڈی سینز بھی پیش کیے، تاہم یہ متاثر کرنے میں ناکام رہے۔

فلم کے ٹریلر کی مایوس کن بات یہ بھی تھی کہ چند اداکاروں کے علاوہ فلم کی کہانی میں کچھ بھی تبدیل نہیں کیا گیا۔

یہی کہانی 2007 کی فلم ’دھمال‘ کی بھی تھی، جس میں چند دوست اور ایک پولیس اہلکار پیسوں تک پہلے پہنچنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں۔

فلم کو مزید ایڈوینچرس بنانے کے لیے اس میں جانوروں کو بھی شامل کیا گیا تاہم اس عمل میں کیے گئے سی جی آئی کی تکنیک نے بھی کوئی کمال نہیں دکھایا۔

مزید پڑھیں: انیل اور مادھوری کی اندرا کے ساتھ ‘ٹوٹل دھمال‘

فلم ’ٹوٹل دھمال‘ میں اجے دیوگن، ارشد وارثی، انیل کپور، مادھوری ڈکشٹ، جاوید جعفری، جونی لیور، جیکی شروف اور ریتیش دیش مکھ نے اہم کردار نبھائے۔

جبکہ ٹریلر کو دیکھ کر اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ اداکارہ سوناکشی سنہا فلم میں ایک گانے پر رقص کرتی نظر آئیں گی۔

یاد رہے کہ اس سیریز کی پہلی دو فلموں میں سنجے دت نے اہم کردار نبھایا تھا، تاہم اس فلم میں اجے دیوگن نے ان کی جگہ لی ہے۔

اجے دیوگن نے فلم کا ایک پوسٹر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا تھا۔

فلم ’ٹوٹل دھمال‘ رواں سال 22 فروری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


News Source

’ٹوٹل دھمال‘ دھمال مچانے میں ناکام

شناختی عنوان:,

تبصرہ کریں