Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

گروپ کی شکل میں گانے گانا دماغی صحت کیلئے بہتر

  • یہ بھی پڑھیں: موسیقی کے ذہن اور صحت پر پڑنے والے اثرات
  • مزید پڑھیں: موسیقی کا انتخاب ذہنی صحت کا حال بتا سکتا ہے

یہ عام خیال کیا جاتا ہے کہ موسیقی روح کی غذا ہوتی ہے، اور کئی لوگوں کو نہ صرف موسیقی سننے میں سکون محسوس ہوتا ہے، بلکہ وہ تنہائی میں گنگنا کر بھی خود کو صحت مند رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

تاہم برطانیہ میں ہونے والی ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ تنہائی میں گانے کے بجائے گروپ کی شکل میں گانا گانے سے انسانی دماغ پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انگلینڈ کے شہر ناروچ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا کے ماہرین نے دی سنگ یوئر ہرٹ آؤٹ (ایس وائی ایچ او) نامی ایک پائلٹ پروگرام شروع کیا۔

پرومس آف دی لیوما ڈاٹ او آر جی میں شائع مضمون کے مطابق یہ پروگرام ابتدائی طور پر 2005 میں ناروچ کے سائیکٹرک ہسپتال میں شروع کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: موسیقی کے ذہن اور صحت پر پڑنے والے اثرات

ماہرین نے 6 ماہ کے دورانیے تک رضاکاروں کو گروپ اور تنہائی میں گانے کے لیے کہا، جس کے بعد ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔

جائزے سے پتہ چلا کہ گروپ کی شکل میں گانے گانے اور سماج کے دیگر افراد سے راہ و رسم رکھنے سے دماغ پر بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین نے جن رضاکاروں پر تجربہ کیا، ان میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد بھی شامل تھے، جنہیں ڈپریشن سمیت دیگر مسائل کا سامنا تھا۔

ماہرین کے مطابق 6 ماہ کے بعد رضاکاروں کے دماغی جائزے سے پتہ چلا کہ ان کی دماغی حالت یومیہ حساب سے بہتر ہو رہی ہے۔

مزید پڑھیں: موسیقی کا انتخاب ذہنی صحت کا حال بتا سکتا ہے

ماہرین نے تجویز دی کہ دماغی مسائل سے دوچار افراد کو زیادہ سے زیادہ افراد سے میل جول رکھنے کے ساتھ ساتھ گروپ کی شکل میں گانے گانے چاہیے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کیلی فورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کلاسیکل موسیقی کے ذہن اور انسانی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس سے انسانی یادداشت بھی بہتر ہوتی ہے۔

اس سے قبل 2016 میں کینیڈا کی مک گیل یونیورسٹی آف مونٹریال کے ماہرین کی جانب سے کی گئی 400 طلبہ کی ایک تحقیق کے نتائج سے پتہ چلا تھا کہ موسیقی نہ صرف انسانی ذہن اور یادداشت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے، بلکہ یہ دوسری صحت کے لیے بھی بہتر ہے۔


News Source

گروپ کی شکل میں گانے گانا دماغی صحت کیلئے بہتر