Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

جھڑپوں میں 9 افغان پولیس اہلکار اور 12 طالبان جنگجو ہلاک

افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں جھڑپوں کے مختلف واقعات میں 9 افغان پولیس اہلکار اور 12 طالبان جنگجو ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جھڑپوں میں 2 پولیس اہلکار اور 4 طالبان جنگجو زخمی بھی ہوئے۔

افغان پولیس حکام کے مطابق جھڑپیں غزنی میں ضلع زانا خان، دے یاک، قارا باغ، خاجہ عمری اور دیگر میں اس وقت شروع ہوئیں جب طالبان جنگجوؤں نے یہاں قائم پولیس چیک پوسٹس پر حملہ کیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان: ٹریننگ سینٹر پر حملے میں پولیس چیف سمیت 32 ہلاک

سرکاری حکام نے جھڑپوں کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں جبکہ تاحال طالبان کی جانب سے بھی ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ 17 اکتوبر 2017 کو افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے خود کش حملے اور مسلح جھڑپ کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 21 مئی 2017 کو افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں طالبان کے جنگجوؤں نے مختلف سیکیورٹی چیک پوسٹس پر بیک وقت حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 20 پولیس اہلکار ہلاک ہلاک ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، ایک امریکی ہلاک

افغان میڈیا کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق 28 اکتوبر کو صوبے لوگر میں ایک ہیلی کاپٹر گھر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک امریکی ہلاک ہوگیا۔

افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج کے حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر دہشت گردوں کی کارروائی کا نشانہ نہیں بنا جبکہ واقعے میں عملے کے دیگر 6 امریکی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ افغان میڈیا کی رپورٹ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے امریکیوں کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہلمند میں جھڑپیں، 50 افغان پولیس اہلکار ہلاک

حال ہی میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے وائٹ ہاؤس سے درخواست کی تھی کہ طالبان کے خلاف جنگ میں آنے والے تعطل کو ختم کرنے کے لیے مزید ہزاروں امریکی فوجی افغانستان بھیجے جائیں، بعد ازاں ٹرمپ انتظامیہ نے اس درخواست کی منظوری دے دی۔

اس وقت افغانستان میں 8400 امریکی فوجی جبکہ 5000 نیٹو اہلکار موجود ہیں جبکہ چھ برس قبل تک افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد تھی۔


News Source

جھڑپوں میں 9 افغان پولیس اہلکار اور 12 طالبان جنگجو ہلاک