Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

ٹرمپ نے مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان سے ملاقات کو ناکام قرار دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کر دیا۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن کے درمیان طویل عرصے سے جاری تلخیوں کو پسِ پشت ڈال کر تاریخی مذاکرات انجام پائے تھے۔

دونوں سربراہان کی ملاقات میں ایک سمجھوتے پر بھی دستخط کیا گیا تھا جس میں شمالی کوریا کی جانب سے رواں سال 27 اپریل کو جنوبی کوریا میں ہونے والے مذاکرات میں طے پانےوالے سمجھوتے پر عمل درآمد کا اعادہ کیا گیا تھا، جس میں شمالی کوریا نے خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

مزید پڑھیں: امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کی تاریخی ملاقات

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اقرار کیا ہے کہ ان کی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار سے پاک کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو بھی اس کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ چین شمالی کوریا میں پیش رفت پر دلچسپی نہیں لے رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ سے تجارتی تنازع کے حل تک پیانگ یانگ سے مذاکرات کے لیے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کو روکا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا شمالی کوریا سے مذاکرات کیلئے آمادگی کا اظہار

خیال رہے کہ 12 جون کو دونوں ممالک کے سربراہان میں ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ کم جونگ ان نے غیر مشروط طور پر جزیرہ نما کوریا سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی یقین دہانی کروائی ہے، مذکورہ مذاکرات کو امریکی صدر نے ’مخلص‘ اور درست سمت میں نتیجہ خیز قرار دیا تھا۔

انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا تھا کہ ان کی اور کم جونگ ان کی آئندہ بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

یاد رہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر طویل عرصے سے کشیدگی جاری ہے، اور دونوں ممالک کے سربراہان کی جانب سے تلخ بیانات کے ساتھ ساتھ دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔


News Source

ٹرمپ نے مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کردیا