Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

امریکی قائمقام وزیر دفاع پٹ شناہن کا مختصر دورہ افغانستان

امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پٹ شناہن نے افغان رہنماؤں اور امریکی کمانڈز سے ملنے کے بعد پیر کو افغانستان کامختصر دورہ کیا۔

ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مذاکرات کار 2001ء سے جاری لڑائی کے خاتمے کے لیے کسی امن سمجھوتے کے لئے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شناہن نے اپنے ساتھ سفر کرنے والے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ افغان عہدیدارو ں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ان کا مذاکرات میں شامل ہونا کس حد تک اہم ہے اور یہ کہ وہ موجودہ ملکی حالات سے بھی انہیں آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے امریکی سرمایہ کاری اہم ہے لیکن اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں کو ہی کرنا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کی حکومت امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شامل نہیں۔

خلیل زاد نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ان کے خیال میں جولائی میں ہونے والے افغان صدارتی انتخابات سے پہلے امن سمجھوتہ طے پا سکتا ہے۔ زلمے خلیل زاد کی قیادت میں امریکی فود بات چیت کے آئندہ دور کے لیے 25 فروری کو قطر میں ملاقات کرے گا۔

شناہن نے کہا کہ پینٹاگون بات چیت میں سہولت کار کا اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے امریکی مشیر جان بولٹن کے ساتھ نہایت مربوط انداز میں کام کررہا ہے۔

شناہن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اس وقت ایک ایسے مرحلے پر ہیں جہاں اس بات کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں کہ کس فریق کو کس سے کیا بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ انہیں افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے سے متعلق کوئی ہدایت نہیں ملی۔

پٹ شناہن نے کہا کہ میرے خیال میں ہم افغانستان میں اسی حد تک فوج کی موجودگی چاہتے ہیں کہ جس سے ملکی دفاع یقینی اور خطے میں استحکام پیدا ہوسکے۔

ان کے دورے میں کابل سے باہر واقع فوجی اڈے پر مختصر قیام بھی شامل تھا جہاں امریکہ کی اسپیشل فورسز افغان سیکورٹی اہلکاروں کو تربیت فراہم کرتی ہیں۔

شناہن نے کہا کہ میرے لیے اس دورے کا مقصد مکمل صلاحیت کو ایک تناظر میں رکھنا ہے۔ یہ وہی تناظر ہے جس کا ذکر جنرل ملر نے مجھ سے کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ میں نے دیکھاوہ میرے لیے حوصلہ افزا ہے۔


News Source

امریکی قائمقام وزیر دفاع پٹ شناہن کا مختصر دورہ افغانستان