Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

نیوزی لینڈ 2 مساجد میں فائرنگ 6 سے زائد افراد جاں بحق

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے کم از کم 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹس پریس ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر میں نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی مسجد میں داخل ہونے والی تھی۔

حکام نے کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کی تصدیق کردی جس کے بعد پولیس نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر کرفیو نافذ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا: مسجد میں فائرنگ سے 6 نمازی جاں بحق

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقہ اپنے گھیرے میں لے لیا اور مکینوں کو بھی گھروں سے نہ نکلنے جبکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ایک حملہ آور کے تاحال متحرک ہونے کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے تاہم اپنے بھرپور صلاحیت کے ساتھ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے ۔

اس بارے میں پولیس کمشنر مائیک بش نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد حالات کے پیشِ نظر شہر کے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن

فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈرن نے اسے ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن واقعے میں کئی افراد ملوث ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: فرانس میں مسجد پر فائرنگ، 8 افراد زخمی

بنگلہ دیشی ٹیم

حکام کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم مسجد میں فائرنگ سے محفوظ رہتے ہوئے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیم کے کئی ارکان مسجد پہنچ کر اندر داخل ہونے ہی والے تھے کہ فائرنگ کی آواز سن کر نیچے جھک گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سبھی اراکین محفوظ ہیں تاہم ابھی شدید صدمے کا شکار ہیں جنہیں ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عینی شاہدین

وقوعہ کے عینی شاہد نے نیوزی لینڈ ریڈیو کو واقعے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ’انہوں نے فائرنگ کی آوازیں سنیں جس کے نتیجے میں 4 افراد زمین پر گرے ہوئے تھے جبکہ ہر طرف خون پھیلا ہوا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک بج کر 45 منٹ پر مسجد النور میں داخل ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی، نمازِ جمعہ کے سبب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

حملے کے بعد لوگ خوفزہ ہو کر مسجد نے باہر نکلے، اس کے علاوہ ایک حملہ آور کو بھی ہتھیار پھینک کر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا, فائرنگ کا دوسرا واقعہ لین ووڈ مسجد میں پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا: مسجد پر حملے میں ملوث شخص کو 40 سال قید کی سزا

ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ ڈینز ایو مسجد میں نماز ادا کررہے تھے جب فائرنگ آواز سنی اور جب وہ باہر کی طرف بھاگے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کی اہلیہ کی لاش فٹ پاتھ پر گری ہوئی ہے۔

ایک اور عینی شاہد کے مطابق فائرنگ سے بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد لاشیں دیکھیں ہیں۔


News Source

نیوزی لینڈ 2 مساجد میں فائرنگ 6 سے زائد افراد جاں بحق