Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

نندی پور منصوبہ کرپشن کیس: سپریم کورٹ نے زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کر لی

سپریم کورٹ آف پاکستان میں نندی پور منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبے سے متعلق کرپشن کیس ری اوپن کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

نندی پور پاور پراجیکٹ پنجاب میں گزشتہ دورِ حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا جس کے ذریعے 525 میگاواٹ بجلی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے منصوبے میں کرپشن کے الزمات عائد کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق 2005 میں بننے والے نندی پور پاور پراجیکٹ کی لاگت 22 ارب روپے سے 58 ارب روپے تک جاپہنچی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آج نندی پور منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبے سے متعلق کیس ری اوپن کردیا، سماعت کل ہوگی۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے اور عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ نندی پور منصوبے کے خلاف انکوائری زیر التوا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ انکوائری کب سے زیر التواء ہے؟ اور نیب میں مجموعی طور پر کتنی تحقیقات زیر التواء ہیں؟

نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ 20 فروری 2017 کو انکوائری شروع ہو چکی تھی، وزارت قانون نے 2 سال تاخیر کی، لیکن اب انکوائری آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نندی پور منصوبہ آؤٹ سورس کرنے کی انکوائری جون 2018 میں شروع ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ذمے دار کا تعین کرنا ہے، تاخیر کا ذمے دار کون ہے؟سابق چیئرمین نیب قمر زمان کا پتہ کریں، وہ اسلام آباد میں ہیں؟ کیوں نا تاخیر پر سابق چیئرمین نیب کے خلا ف کارروائی کریں؟

اس موقع پر جسٹس ثاقب نثار نے نیب کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب اتنے دن کارروائی میں لگا دیتا ہے،کیس الماریوں میں رکھ دیئے جاتے ہیں، کیا نیب کو کھلی چھٹی ہے؟

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ اب اگر کسی انویسٹی گیشن افسر (آئی او) نے تفتیش میں کوتاہی کی تواس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

سماعت کے بعد چیف جسٹس نے نیب سے زیر التواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل رواں برس 7 جون کو سماعت کے دوران چیف جسٹس نے نیب کو نندی پور پاور پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store


News Source

نندی پور منصوبہ کرپشن کیس: سپریم کورٹ نے زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کر لی