Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

عمران خان کی حلف برداری، صدر مملکت کا غیر ملکی دورہ منسوخ

اسلام آباد: صدرمملکت ممنون حسین نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملک کے 21 ویں وزیراعظم کا حلف لینے کے لیے آئرلینڈ کا اپنا 3 روزہ دورہ منسوخ کردیا۔

صدارتی محل کےذرائع نے ڈان کو بتایا کہ صدر مملکت کو آئرلینڈ میں کالج آف فزیشن میں تقسیم اسناد کے سلسلے میں مدعو کیا گیا تھا جہاں انہیں خود بھی اعزازی ڈگری سے نوازاجانا تھا۔

تاہم نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی درخواست پر صدرمملکت نے اپنا دورہ منسوخ کردیا، اسلسلے میں نگراں اطلاعات و قانون بیرسٹرعلی ظفر نے صدر سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب

واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیر اعظم کی ارسال کردہ سمری پر صدر مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کرچکے ہیں۔

اس قبل اطلاعات یہ تھیں کہ خود عمران خان یومِ آزادی کے موقع پر حلف اٹھانےکے خواہشمند ہیں، تاہم کچھ قانون پیچیدگیوں کے سبب اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کے پیشِ نظر یہ ممکن نہ ہوسکا۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رہنما نعیم الحق نے بھی وزارت عظمیٰ کے حلف کے پیشِ نظر صدرممنون حسین سے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی، اور جو 19 اگست کو اختتام پذیر ہوناتھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم حلف برداری تقریب: صدر سے غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

تاہم تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی غیر موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ان کی جگہ قائم مقام صدر سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی ہوں گے جو وزیراعظم سےحلف لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی کی 115 پر نشستوں کامیابی حاصل کی تھی اور اس سلسلے میں اتحادیوں اور آزادامیدواروں کی شمولیت کے بعد اسے ایوانِ زیریں میں 180 اراکین کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جو حکومت سازی کے لیے درکار سادہ اکثریت کی ضرورت کو پورا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کی انتخابات کیلئے پاکستانی قوم کے جذبے کی تعریف

یہ بات مدِ نظر رہے کہ عمران خان کے وزیر اعظم کا حلف اٹھاتے ہی پنجاب ، خیبرپختونخوا، اور بلوچستان کے گورنروں کو اپنا منصب چھوڑنا پڑے گا۔

اس ضمن میں یہ بھی اطلاعات ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اس بات پر ناخوش ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے تعینات کردہ صدر سمیت تینوں گورنر تاحال اپنے عہدوں پر براجمان ہیں جبکہ گورنر سندھ محمد زبیر اپنے منصب سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔


یہ خبر 11 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


News Source

عمران خان کی حلف برداری، صدر مملکت کا غیر ملکی دورہ منسوخ