Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن (ر)صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دامادکیپٹن (ر)صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔

پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں نئی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی جس میں ملک کی معاشی صورت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے کابینہ نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزراءکے بیرون ملک سرکاری خرچ پر علاج کی سہولت واپس لے لی گئی ہے، وزرا اور بیوروکریٹس کے دوروں کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، خارجہ امور کے معاملات میں شاہ محمود قریشی بیرون ملک جائیں گے جبکہ وزیراعظم بھی 3ماہ تک کسی غیر ملکی دورے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کے ریڈ وارنٹ پہلے سے جاری ہیں۔

وزارت قانون اور داخلہ کو کہاہے کہ وارنٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، یہ لوگ پاکستان کے فرار مجرم ہیں، ضروری ہے انہیں واپس لایا جائے تاکہ وہ عدالت میں پیش ہوں اور احتساب کا سامنا کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر ضروری اور اضافی پراپرٹیز کو عوام کی سہولت کیلئے بروئے کار لایا جائے گا، بڑی سرکاری رہائش گاہوں کا جائزہ لینے کے لیے اسدعمر کی زیرنگرانی کمیٹی بنائی گئی ہے، دیگر صوبوں کوہدایات جاری کریں گے، امید ہے کہ صوبائی حکومت عمل کرے گی۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی 88 گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا،وزیر اعظم 2 گاڑیاں استعمال کریں گے جبکہ کیبنٹ ممبران کو ایک گاڑی دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے بھاشا ڈیم اور دیگر معاملات پر بھی واٹر ریسورس کی منسٹری کو سفارشات کا کہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ احتساب کا عمل خود سے شروع کیا ہے، کابینہ اور وزیراعظم عوامی احتساب کا سامنا کریں گے، کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا اہم حصہ رہا ہے، کسی ملازم کو ہرگز نوکری سے نہیں نکالا جائے گا، انہیں مختلف مقامات پر کھپایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخابات کے معاملے پر پی ٹی آئی کی اکثریت ہے، صدارت یالیکشن جیتنے کیلئے مستحکم ہیں، حزب اختلاف کو اپنے امیدوار کو لانے کا حق حاصل ہے لیکن ہمیں امید ہےکہ عارف علوی کو آرام سے صدر منتخب کرالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کئی اداروں کو بحال کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے دورمیں سیاسی تقرریاں نہیں ملیں گی۔

 انفارمیشن گروپ کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا اسے حق نہیں ملا، محکمہ اطلاعات میں بھی اصلاحات لائی جائیں گی۔


News Source

نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن (ر)صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ