Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

'ماڈل روڈ میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول فروخت نہ کیا جائے'

پولیس نے کراچی کی مصروف شارع فیصل میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے الگ لین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جبکہ اعلیٰ حکام کو ہدایت کی گئی کہ ‘ماڈل روڈ’ پر ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول پمپ سے پیٹرول فراہم نہ کیا جائے۔

ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا کہ ‘شارع فیصل میں موٹرسائیکل سواروں کےلیے الگ سے یلو لین کا افتتاح کردیا گیا ہے’۔

سربراہ کراچی پولیس سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننا لازم ہوگا جبکہ اس کے نفاذ کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کردی جائے گی۔

قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ‘یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کراچی کی مرکزی شارع پر موٹرسائیکل سواروں کے لیے الگ سے لین بنا دی گئی تھی، یہ ماڈل پراجیکٹ ہے جس کو دیگر اہم شاہراہوں پر بھی موٹرسائیکل سواروں کے لیے اسی طرح کا ٹریک شروع کیا جائے گا’۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ٹریک ملیر ہالٹ سے میٹروپول ہوٹل تک ہوگا۔

اے آئی جی کراچی امیر شیخ کا کہنا تھا کہ مائی کلاچی روڑ پر ہیوی گاڑیوں کے لیے الگ ٹریک بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر نے ایک اجلاس میں شارع فیصل کے ٹریفک یونٹ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام موٹر سائیکل سوار اپنی الگ لین پر چلیں جبکہ ہیلمٹ بھی پہنے ہوں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کا کہنا تھا کہ کاروں میں سواری کرنے والے افراد کو بھی اسی طرح سیٹ بیلٹ ضرور باندھنا چاہیے۔

ماڈل روڈ پر ہیلمٹ کی پابندی

انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کراچی پولیس سربراہ کو حکم دیا کہ شارع فیصل، میٹروپول اشارے سے دو تلوار چورنگی تک عبداللہ ہارون روڈ اور آئی آئی چند ریگر روڑ کو ماڈل روڈ بنا دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر رتی برابر رعایت نہیں برتی جائے۔

آئی جی سندھ نے اے آئی جی امیر شیخ کو تحریر کردہ ایک خط میں کہا ہے کہ ان ‘ماڈل روڈ’ کے احاطے میں قائم پیٹرول پمپ مالکان سے اس حکم پر تعمیل یقینی بنائیں کہ ‘جو موٹرسائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے ہوگا اس کو پیٹرول فروخت نہ کیا جائے’۔


News Source

'ماڈل روڈ میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول فروخت نہ کیا جائے'