Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

سپریم کورٹ کااصغر خان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ 

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغر خان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ  کرلیا۔

اصغر خان کا اہم کیس جس میں کئی پردہ نشینوں کے نام ہیں،عدالت نے اس اہم کیس کو بند نہ کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

جمعے کو چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی ۔

دوران  سماعت چیف جسٹس نے ایف آئی اے کی اصغر خان کیس بند کرنے سے متعلق ریمارکس دئیے کہ وہ عدالتی حکم کو ختم کر دیں، عدالت اس معاملے کی مزید تحقیقات کرائے گی۔

جسٹس ثاقب نثار نے سلمان اکرم راجہ کو عدالت کی معاونت کا کہا  اور ان سے استفسار کیا کہ کیس کو کیسے آگے بڑھایا جائے، ایک فیصلہ آیا اور اب عملدرآمد کے وقت ایسا ہورہا ہے، کچھ افراد کو اس معاملے سے علیحدہ کرنے کی تجویز تھی۔

درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایاکہ کیس بند نہیں ہونا چاہیے ، ایک شخص کہہ رہا ہے ہاں اس نے رقم تقسیم کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اس کے بعد پھر کیا رہ جاتا ہے، اصغر خان مرحوم کی کوشش کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کیس بند کرنے کے معاملے میں اصغر خان فیملی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، اگر ایف آئی اے کے پاس اختیارات نہیں تو دوسرے ادارے سے تحقیقات کرالیتے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جب فیصلہ آیا تو وہ اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری کو ملے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اصغر خان اور آسیہ بی بی کیس کے دونوں فیصلے تاریخ ساز ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وہ بطور چیف جسٹس بتا دینا چاہتاہوں کہ یہ سب ہمارے اختیار میں ہے، کیوں نہ سیکرٹری دفاع کو طلب کر لیں،عدالت ایف آئی اے کی طرف سے اخذ کیے گئے نتائج اور وجوہات سے مطمئن نہیں۔

عدالت نے اصغر خان فیملی کے قانونی ورثا ءکی طرف سے دائر درخواست پر ایف آئی اے سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ۔

سپریم کورٹ نے سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کردیاجبکہ کیس پر مزید سماعت 25جنوری کو ہوگی ۔


News Source

سپریم کورٹ کااصغر خان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ