Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

خیبر پختونخوا میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میںپولیو کا نیا کیس سامنے آگیا ہے ۔ یہاں 16 ماہ کی ایک بچی کے پولیو وائرس سے متاثرہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔وائرس کی نشاندہی گزشتہ ماہ کے وسط میں ہوئی تھی تاہم تصدیق اب ہوئی ہے ۔

یوں سال 2019 ء کے دوران سامنے آنے والا یہ پہلا کیس ہے جبکہ متاثرہ بچی کی16 دسمبر 2018ء کو ہونے والی نشاندہی کے لحاظ سے دیکھیں تو گزشتہ سال ملک بھر میں مجموعی طور پر 9کیسز سامنے آئے ۔

اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کے ایک افسر شاداب یونس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پولیو سے متاثرہ بچی انعم کو 7 بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے مگر اس کے باوجود بھی وہ پولیو سے متاثر ہو گئی۔

اُنہوں نے بتایا کہ انسانی جسم میں قوت مداخلت کے ختم ہونے سے بھی پولیو کے جراثیم سے بچ پانا مشکل ہوتا ہے اور اس کیس میں بھی یہی ہوا ہے ۔

شاداب یونس نے کہا کہ انعم کے متاثر ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں گزشتہ سال کے دوران پولیو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔ ان میں سے 2 کا تعلق باجوڑ جبکہ باقی کا تعلق چارسدہ، خیبر اور لکی مروت اضلاع سے ہے۔

لکی مروت کے تحصیل سرائے نورنگ کے گاؤں مر منڈی عظیم سے تعلق رکھنے والے افضل خان کی بیٹی انعم پولیو سے متاثر ہوئی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں انعم بیمار پڑ گئی تھی اور مقامی طبی مرکز میں ڈاکٹر نے بچی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔

نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد سے لیبارٹری تجزیہ کرنے کے بعد انعم کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

انعم کا کیس سامنے آنے کے فوری بعد محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کا ایک ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں جمعہ کو طلب کرلیا گیا۔

اجلاس میں پولیو کے جراثیم پر قابو پانے کیلئے اقدامات مزید وضع کرنے پر غور وخوض کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور افغانستان دُنیا کے دو ایسے ممالک ہیں جہاں اب تک پولیو کا وائرس پایا جاتا ہے۔

خیبر پختونخوا سمیت ملک کے کئی ایک علاقوں میں ابھی تک 5 سال سے کم عمر کے ہزاروں بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مختلف وجوہات کی بنیاد پر صرف خیبر پختونخوا میں لگ بھگ 13 ہزار والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری ہیں۔


News Source

خیبر پختونخوا میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا

تبصرہ کریں