Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف: فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی – Sport

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے اور مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 400 رنز کا ہدف دے دیا۔

بلاوائیو میں کھیلے جانے والے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

میچ میں پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے۔

فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف نہ صرف 210 رنز بنائے بلکہ وہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے۔

اس سے قبل پاکستانی اوپنر سعید انور نے ون ڈے میں 194 رنز اسکور کیے تھے، سعید انور کی جانب سے بنایا گیا یہ ریکارڈ 21 برس تک ان کے پاس رہا، جسے آج نوجوان کھلاڑی نے توڑ دیا۔

چوتھے ون ڈے میں پاکستان نے عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور دونوں اوپنرز نے 304 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت بھی قائم کی۔

میچ میں دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے نہ صرف پہلے پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت 228 رنز کا ریکارڈ توڑا بلکہ ون ڈے کرکٹ میں اوپننگ کا سب سے بڑا ریکارڈ 286 بھی توڑ دیا۔

اس کے علاوہ میچ میں پاکستانی ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا اور قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 399 رنز اسکور کیے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز پہلے ہی پاکستان اپنے نام کرچکا ہے جبکہ قومی کپتان چوتھا اور آخری میچ جیت کر وائٹ واش کرنے کے خواہش مند ہیں۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں اوپنرز کو لمبی اننگ کھیلنے کا موقع دیا گیا جبکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شامل ہیں۔


News Source

زمبابوے کو 400 رنز کا ہدف: فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی – Sport

شناختی عنوان:,