Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پانڈیا اور راہل کو معطل کردیا – Sport

بھارتی کرکٹ حکام نے ٹی وی شو کے دوران خواتین کے لیے نازیبا زبان استعمال کرنے پر آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور لوکیش راہل کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کی معطلی اور انکوائری کے سبب ان کی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا ہے کہ دونوں کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ تو ہرگز نہیں کھیلیں گے جبکہ ان کے خلاف مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بورڈ کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ ٹی وی شو کے دوران خواتین کے بارے میں نامناسب بیان پر پانڈیا اور راہل دونوں کو معطل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: خواتین کے بارے میں نازیبا بیانات بھارتی کرکٹرز کو مہنگے پڑگئے

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو آسٹریلیا سے وطن واپس بلایا جا سکتا ہے۔

بھارتی ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے دوران میزبان کرن جوہر سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی ہاردیک پانڈیا نے خواتین سے متعلق کئی نامناسب جملے کہے، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر صارفین کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

شو میں ان کے ہمراہ نوجوان بھارتی بلے باز لوکیش راہل بھی مدعو تھے جو پانڈیا کے جملوں پر ہنستے نظر آئے جس پر انہیں بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد ہردک پانڈیا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا، جس کے ذریعے انہوں نے اپنے جملوں سے ناظرین کا دل دکھانے پر معافی مانگی۔

ہردک پاندیا کا کہنا تھا کہ ’میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں، جسے میرے کافی ود کرن میں کہے جملوں سے تکلیف پہنچی، حقیقت یہ ہے کہ جیسا شو کافی ود کرن ہے میں اس حساب سے بات کرتا رہا، میرا ارادہ کسی کو تکلیف پہنچانے کا نہیں تھا‘۔

لوکیش راہل نے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ہردک پانڈیا کی معذرت کے باوجود بورڈ آف کنڑول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ہاردیک پانڈیا اور کے ایل راہول کو شوکاز نوٹس بھیج دیے تھے جبکہ آج انہیں دوبارہ نوٹس بھیج کر معطلی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بھی دونوں کھلاڑیوں کے کافی ود کرن شو میں شرکت اور بیانات پر تنقید کی۔

ویرات کوہلی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے خواتین سے متعلق ایسے نامناسب بیانات ناقابل قبول ہیں، ہم انہیں سپورٹ نہیں کرتے، یہ دونوں کھلاڑی جانتے ہیں کہ اس کا کتنا نقصان ہوگا اور انہیں اندازہ ہوگا کہ کیا چیزیں غلط ہوئیں‘۔

اس معاملے کے بعد کافی ود کرن شو کی اس متنازع قسط کو بھی ہٹادیا گیا۔


News Source

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پانڈیا اور راہل کو معطل کردیا – Sport

شناختی عنوان:,