Pakistan  |  International  |  Business  |  Sports  |  Showbiz  |  Technology  |  Health  |  Wonder  |  Weather  |  Columns

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری، کراچی سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں بارش

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کراچی سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے، مزید بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج شمال مشرق اور جنوب مغرب سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے،

گزشتہ رات لانڈھی میں سب سے زیادہ بارش 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ صدر میں 1.5، فیصل بیس 2 اور مسرور بیس پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب سیاحتی مقام کالام میں رات گئے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 6 انچ سے زیادہ برف پڑچکی ہے، برفباری کے باعث وادی نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

ملکہ کوہسار مری اور گرد و نواح کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری ہوئی جب کہ چترال اور گرد و نواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، صوابی میں بارش اور نوشہرہ میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ اور اس کے گرد و نواح میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔

کشمیر کے شمالی وسطی اور جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، وادی گریز، بالائی وادی نیلم، وادی شونٹھر، وادی جاگراں، وادی سرگن، وادی لیپہ، سدھن گلی، خورشید آباد، راولا کوٹ اور پونچھ کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

کشمیر کی وادی جہلم، ہٹیاں بالا، چکار، چکوٹھی، گڑھی دوپٹہ، باغ، حویلی ہجیرہ میں بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی گذشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

 

install suchtv android app on google app store


News Source

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری، کراچی سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں بارش